news

وزیراعظم شہباز شریف: 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نوجوانوں کی ترقی میں معاون ہوگی

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 70 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، اور حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ اسلام آباد میں منعقدہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (DFDI) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا بھرپور اور مؤثر استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 11 سے زائد ممالک کے آئی ٹی ماہرین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا کا اثر آج زندگی کے تمام شعبوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کا بڑا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، جس سے زراعت، صنعت، برآمدات سمیت دیگر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں متوقع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پورے ملک میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کے لیے سکلز ٹریننگ پروگرامز کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر آئی ٹی انکیوبیشن سینٹرز، تحقیق و ترقی کے مراکز اور تربیتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے گئے، اور دیہی معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون سے زرعی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکریٹری جنرل دیما الیحییٰ سمیت تمام بین الاقوامی شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل میدان میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے کے لیے وہ ذاتی طور پر ہر ممکن رہنمائی فراہم کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ صرف 42 دن میں 146 سرکاری محکمے ڈیجیٹائز کیے جا چکے ہیں، اور ملک ڈیجیٹل اکانومی کے ذریعے اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version