news
شہباز شریف: بھارت نے پانی روکا تو پوری طاقت سے جواب دیں گے، وطن کے ایک انچ کا بھی دفاع کریں گے

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی کو بھی غلط فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے، اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو پاکستان پوری طاقت سے جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا اور کسی بھی مس ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کے لیے تیار ہے لیکن کسی قسم کی دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد بے بنیاد اور بغیر ثبوت الزامات لگائے۔ پاکستان نے ہر شکل میں دہشت گردی کو مسترد کیا ہے اور اس کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ دنیا میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک پاکستان ہے جہاں 90 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، جبکہ پاکستان کی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو بھرپور اور پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کے ناطے دنیا بھر میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی عوام متحد ہیں اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ہم پرامن بقائے باہمی کی بنیاد پر تعلقات استوار رکھیں، لیکن بدقسمتی سے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کابل کا دورہ کیا اور افغان حکام کو باور کروایا کہ پاکستان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن پاکستانی سرزمین پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں۔
کشمیر کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ یہ ایک عالمی تنازع ہے جو کئی دہائیوں سے حل طلب ہے۔ کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے لیکن عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام نظر آتی ہے۔
وزیر اعظم نے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہو رہے ہیں، جس کا نظم و ضبط دنیا میں مثالی ہے۔ مسلح افواج بانی پاکستان کے رہنما اصولوں کے مطابق فرائض انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشتی میدان میں بحالی کے بعد بھرپور چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ہم کان کنی، معدنیات، دفاعی پیداوار اور دیگر کئی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کر رہے ہیں۔
news
حمزہ علی عباسی کی شوبز چھوڑنے کی خبروں پر وضاحت

معروف اداکار اور میزبان حمزہ علی عباسی نے شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر حالیہ پوڈکاسٹ میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی شوبز کو مکمل طور پر خیرباد نہیں کہا تھا بلکہ محض ایک وقتی وقفہ لیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی ویڈیو میں انہوں نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ وہ شوبز چھوڑ نہیں رہے بلکہ کچھ وقت کے لیے بریک لے رہے ہیں، لیکن اگلے ہی دن میڈیا پر ایسی خبریں گردش کرنے لگیں کہ گویا وہ انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ حمزہ علی عباسی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ اکثر مکمل ویڈیوز دیکھنے کے بجائے صرف مختصر کلپس پر اپنی رائے قائم کرتے ہیں، جس سے بات کا مفہوم بگڑ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اسلامی تعلیمات کے طالب علم ہیں اور اسکالر جاوید احمد غامدی کے نظریات سے متاثر ہوکر اسلام سیکھنے کے لیے امریکا بھی گئے تھے۔ حمزہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں دین اور شوبز کو ایک دوسرے کی ضد سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے بیان کو بھی غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ یاد رہے کہ 2019 میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ حمزہ علی عباسی نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے، تاہم کچھ عرصے بعد وہ مختلف پراجیکٹس میں دوبارہ جلوہ گر ہوئے تھے۔
news
اسما عباس کو جلد کے علاج کے دوران الرجی کا سامنا

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ اسما عباس نے حال ہی میں ایک وی لاگ میں اپنی جلد سے متعلق ایک ناخوشگوار تجربے کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے چہرے پر وراثتی جھائیاں موجود تھیں، جنہیں کم کرنے کے لیے انہوں نے ایک ماہر ڈاکٹر کے مشورے سے “کاؤٹری” کا طریقہ اپنایا۔ اس طریقۂ علاج میں جلد کی اوپری سطح کو مخصوص انداز میں جلایا جاتا ہے تاکہ کالے دھبوں یا نشانات کو مدھم کیا جا سکے۔ اسما عباس نے بتایا کہ ابتدا میں سب کچھ معمول کے مطابق تھا لیکن اسی رات انہوں نے ایک فیس ماسک استعمال کیا جس کے نتیجے میں ان کی جلد پر شدید الرجی ہو گئی۔ اس ردِ عمل کے باعث ان کے چہرے پر سرخی، دھبے اور خارش نمودار ہو گئی، جس سے ان کا چہرہ بری طرح متاثر ہوا۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ اس وقت الرجی کے خاتمے کے لیے دوا استعمال کر رہی ہیں اور ڈاکٹرز نے جلد کی مکمل بحالی کے لیے وقت دینے کا مشورہ دیا ہے۔ اسما عباس نے مداحوں سے اپنی صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ وہ یہ تجربہ اس لیے شیئر کر رہی ہیں تاکہ لوگ کسی بھی قسم کے اسکن ٹریٹمنٹ کے بعد احتیاط کی اہمیت کو سمجھ سکیں
- news2 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news2 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے
- news2 months ago
سی سی آئی کا دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ
- news2 months ago
اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا