news
دنیا کا پہلا وائرلیس بائیونک بازو برطانیہ میں تیار
برطانیہ کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی نے دنیا کا پہلا وائرلیس بائیونک بازو تیار کیا ہے جو کہ بازو پہننے والے سے علیحدہ رہ کر بھی کام کر سکتا ہے۔
برسٹل کی مقامی کمپنی اوپن بائیونکس نے اس جدید ہیرو بائیونک بازو کو بنانے میں چار سال صرف کیے، اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے جدید روبوٹک بازو ہے۔
اوپن بائیونکس کی شریک بانی اور سی ای او سمانتھا پین نے بتایا کہ یہ موجودہ بائیونک ہاتھوں کے مقابلے میں دُگنا تیز، مضبوط اور سب سے ہلکا ہے۔ مزید یہ کہ یہ پہلا بائیونک بازو ہے جو مکمل طور پر واٹر پروف اور وائرلیس ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اس صنعت میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔
2014 میں لانچ ہونے کے بعد سے اوپن بائیونکس کی مصنوعات سے 1000 سے زائد صارفین مستفید ہو چکے ہیں، جس میں تھری ڈی اسکیننگ اور تھری ڈی پرنٹنگ کا استعمال شامل ہے تاکہ معذور افراد کے لیے مرضی کے مطابق بائیونک بازو تیار کیے جا سکیں۔