news

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیلوں پر جلد سماعت کی استدعا

Published

on

190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی اپیلوں پر جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ یہ درخواستیں وکیل خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی گئیں، جنہیں متعلقہ دائری نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپیلوں پر تاخیر سے سماعت انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے اور یہ صورتحال ناانصافی کا سبب بنے گی۔ مزید کہا گیا کہ ابتدائی سماعت انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے۔ عمران خان کو جیل میں رکھنے کے لیے سزا سنائی گئی، جو کہ آئین و قانون کے خلاف ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ درخواست گزار ایک سابق وزیراعظم ہیں اور ان کی حراست محض سیاسی مقاصد کے لیے ہے۔ یاد رہے کہ اس کیس میں 17 جنوری 2025 کو دونوں کو سزا سنائی گئی تھی، تاہم اب تک ان کی اپیلوں پر کوئی سماعت نہیں ہو سکی۔

اس سے قبل بھی عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کی تھی۔ یہ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی، جس میں وفاق اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا۔ عمران خان کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ عید سے قبل سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 24 مارچ کو یہ معاملہ سماعت کے لیے مقرر تھا، لیکن مرکزی وکیل سپریم کورٹ میں قتل کے مقدمے میں مصروف تھے، اور عدالت نے مختصر کاز لسٹ کے باعث معاملہ عید کے بعد تک ملتوی کر دیا۔

اسی کیس میں بشریٰ بی بی نے بھی سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کے لیے علیحدہ سے رجوع کیا۔ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایک 54 سالہ گھریلو خاتون ہیں اور ان کی سزا معطلی کی درخواست بھی مرکزی اپیل کے ساتھ عید سے قبل سنی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version