news
حافظ نعیم الرحمٰن کا اعلان، مہنگائی کے خلاف تحریک کا اعلان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت پروفیسر عبدالغفور احمد روڈ جوہر موڑ پر عوامی دعوت افطار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی بنیاد پر اسمبلیوں میں آنے والے عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کے بعد عوام کے حقوق کے لیے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر زبردست احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ پہلے مرحلے میں تمام گورنر ہاؤسز کا گھیراؤ اور وزیر اعلیٰ ہاؤسز پر دھرنے دینے کا ارادہ ہے، بڑی شاہراؤں پر احتجاج کریں گے اور اگلے مرحلے میں لانگ مارچ کریں گے۔ ملک کے ہر صوبے کے عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے کراچی سے چترال تک تحریک چلائیں گے اور ملک کا نظام حقیقی قیادت کے حوالے کریں گے۔
دعوت افطار میں سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی اور امیر ضلع شرقی نعیم اختر نے بھی خطاب کیا۔ جوہر موڑ پر حافظ نعیم الرحمن کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ دعوت افطار میں قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد قبا فیڈرل بی ایریا میں خطبہ جمعہ دیا اور ایک بڑے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ …