news
لیاقت بلوچ: بارکھان سانحہ بدترین دہشت گردی، حکومتیں برائے نام ہیں
نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بارکھان میں ایک بار پھر غریب محنت کش مسافروں کی شناخت کرکے لرزہ خیز قتل بدترین دہشت گردی ہے۔ حکومتیں ہر اعتبار سے برائے نام ہیں، ملک پر اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایم ایف کا راج ہے، جبکہ حکمران اپنے پروٹوکول اور ممبرز کو خاموش رکھنے کے لئے بھتہ خوری میں اضافہ تک محدود ہیں۔
لیاقت بلوچ نے تکمیلِ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اور منصورہ میں سابق ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی سے ملاقات کے دوران، دیر، چترال، بونیر اور بلوچستان کے سیاسی رہنماوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی وحدت اور عوام کا اعتماد آئین پر عمل، آزاد عدلیہ کے وجود اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی ممکن ہے۔
بارکھان (بلوچستان) میں ایک بار پھر غریب محنت کش مسافروں کی شناخت کرکے لرزہ خیز قتل بدترین دہشت گردی اور قومی المیہ ہے۔ بے گناہ انسانی جانوں کے قاتل پوری قوم اور امن کے دشمن ہیں۔ ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی قیادت، ریاستی اداروں، سکیورٹی اداروں کو ازسرِنو مل کر قومی ایکشن پلان پر اتفاق کرنا ہوگا۔ ماضی کی غلطیوں اور مجرمانہ اقدامات سے اجتناب کرنا ہی قومی سلامتی کے لئے مفید ہوگا، کیونکہ حکومتیں ہر اعتبار سے برائے نام ہیں، ملک پر اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایم ایف کا کنٹرول ہے۔