news
بجلی صارفین پر 200٪ اضافی سکیورٹی ڈیپازٹ کا امکان
بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت سکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس میں 200 فیصد سے زائد اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس میں 200 فیصد اضافے کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں 8 بجلی کمپنیوں کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوگی، اور نیپرا اتھارٹی اس معاملے پر سماعت کے بعد سیکیورٹی ڈیپازٹس سے متعلق فیصلہ کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ پیسکو، میپکو، گیپکو، لیسکو، فیسکو، حیسکو، کیسکو اور ٹیسکو نے نیپرا کو دی جانے والی اپنی درخواستوں میں گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل اور زرعی صارفین کے لیے سکیورٹی ڈیپازٹ ریٹس میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ بجلی کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ تمام کیٹیگریز کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، اور موجودہ سیکیورٹی ڈیپازٹ ڈسکوز کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے ناکافی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی بجلی اور گیس سے متعلق ناقص پالیسی کی وجہ سے ملک میں بڑی صنعتوں کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخواہ حکومت صنعتوں کو رعایتی نرخ پر بجلی اور نئی گیس پالیسی کے تحت رعایتی گیس فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔