news
حکومت اور پی ٹی آئی کا اتفاق، جنید اکبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ایک غیر متوقع اتفاق رائے سامنے آیا ہے، جس کے تحت پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چئیرمین کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، تلخ تعلقات اور حالیہ مذاکرات کے جلد اختتام کے باوجود، قومی اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی کے لیے مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت اور تحریک انصاف کی اپوزیشن کے درمیان ایک غیر متوقع معاہدہ طے پا گیا۔
حکومت کی جانب سے مسلسل اصرار کے بعد، جمعہ کے روز بالآخر تحریک انصاف نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چئیرمین کے لیے پانچ ناموں کی فہرست پیش کی۔ اس فہرست میں عمر ایوب خان، جنید اکبر، عادل بازئی، اور عامر ڈوگر کے نام شامل تھے۔ فہرست پیش کرنے کے چند گھنٹوں بعد، حکومت اور اپوزیشن کی باہمی رضامندی سے پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبر خان کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔
جمعہ کے روز پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسپیشل سیکریٹری محمد مشتاق کی صدارت میں ہوا، جہاں حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، قائد حزب اختلاف عمر ایوب، اور شبلی فراز نے پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبر کا نام چیئرمین کے لیے تجویز کیا۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان اور قاسم نون نے بھی جنید اکبر کے نام کی حمایت کی۔ پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ اور مسلم لیگ ن کے تمام اراکین پبلک اکاونٹس کمیٹی میں موجود تھے۔