news
بیرسٹر گوہر خان کا پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان خلیج ختم کرنے پر زور
مرکزی رہنماء پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ کوشش کر رہے ہیں کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ برقرار رہے۔ پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے اور یہ خلیج بالکل نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری میٹنگ سے متعلق باتیں ہو رہی ہیں، ہماری پشاور میں میٹنگ ضرور ہوئی تھی، علی امین نے ہی کہا تھا، میں اس میٹنگ کے لیے گیا ہوا تھا۔ میں کوئی بھی بات تب کرتا ہوں جب عمران خان کی ہدایات ملتی ہیں۔ آج ہماری میٹنگ کا عمران خان نے خود بتایا تھا، بانی نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ مذاکرات ہونے چاہئیں، ایسی ملاقاتیں ملک کے لیے اچھی ہیں۔ بدقسمتی سے کچھ لوگ کوشش کر رہے ہیں کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ رہے، حالانکہ یہ خلیج بالکل نہیں ہونی چاہئے۔ پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے، وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اگر ایک ملاقات بھی ہو جائے تو اسے متنازع بنایا جائے۔
مزید برآں، پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور عرفان صدیقی کی پریس کانفرنس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، دونوں کی پریس کانفرنس پریشانی پر مبنی تھی۔ یہ سوچ رہے تھے کہ بانی اور اسیران کی رہائی کے لیے نام لکھ کر دیں گے، یہ حکومت این آراو کا بیانیہ بنانا چاہتی ہے۔