news
غیر ملکی سرمایہ کاروں کی منافع کی واپسی میں 586 فیصد کا ریکارڈ اضافہ
پاکستانی معیشت میں استحکام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اپنے ممالک کو بڑے پیمانے پر منافع واپس منتقل کیا ہے۔ نومبر 2023 کے مقابلے نومبر 2024 میں منافع کی واپسی میں 586 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
نومبر 2024 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 32 کروڑ 16 لاکھ امریکی ڈالر کا منافع واپس بھیجا، جب کہ نومبر 2023 میں یہ رقم صرف 4 کروڑ 69 لاکھ ڈالر تھی۔
مالی سال 2025 کے اعداد و شمار
مالی سال 2025 کے ابتدائی 5 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کار مجموعی طور پر 1 ارب 12 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کا منافع واپس لے گئے، جس میں 112 فیصد کا سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پابندیوں کے خاتمے کا کردار
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث ڈالر کی بیرون ملک منتقلی پر پابندیاں عائد تھیں۔ تاہم، ذخائر میں بہتری کے بعد اسٹیٹ بینک نے یہ پابندیاں ختم کر دی ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کی منافع کی واپسی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔