news

وزیراعظم کا بجلی نرخوں میں مزید کمی اور مقامی وسائل پر مبنی منصوبوں کی ہدایت

Published

on


اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ عوام کو زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ یہ ہدایات وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے پیداواری منصوبوں اور ترسیلی نظام کے جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری پن بجلی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مقامی وسائل کو بروئے کار لانے اور بجلی کی موجودہ استعداد کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پن بجلی منصوبے سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، جبکہ شمسی توانائی کے ذریعے پاکستان اپنی توانائی ضروریات کو کم لاگت پر پورا کر سکتا ہے۔

اجلاس کے دوران زیادہ ایندھن سے کم بجلی پیدا کرنے والے غیر مؤثر بجلی گھروں کی بندش سے متعلق پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے فوری طور پر ایسے فرسودہ بجلی گھروں کو بند کرنے کی ہدایت کی تاکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور صارفین کے لیے بجلی کی لاگت میں کمی ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم نے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر عمل درآمد تیز کرنے اور ترسیلی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی شعبے میں دانستہ رکاوٹیں پیدا کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ کم لاگت بجلی کے ذرائع کا انتخاب اور ترسیلی نظام کی بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا فوری استعمال یقینی بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version