news
برطانیہ ہنگاموں کی وجہ: اندازہ نہیں تھا پوسٹ اتنی وائرل ہو جائے گی
لاہور سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جو کہ برطانیہ میں ہنگاموں کا باعث بننے والی فیک نیوز دینے کے الزام میں ملوث ہے
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہےکہ گرفتار ملزم فرحان آصف پر الزام ہے کہ اس نے برطانیہ میں تین بچیوں کے قاتل کی شناخت کے حوالے سے فیک نیوز دی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کے لیے بھی کام کرتا ہے، جس کی تفتیش پر وہ جعلی خبریں دینے میں ملوث پایا گیا، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے سپردکر دیا گیا ہے
اطلاعات کے مطابق
ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم چوہدری سرفراز معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحان آصف نے بتایا ہےکہ اُس نے ایک بار خبر پوسٹ کی، اسے اندازہ نہیں تھا کہ پوسٹ اتنی زیادہ وائرل ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں حالیہ فسادات کی وجہ بننے والی فیک نیوز کو نشر کرنے کی ذمہ داری ایک کرائم ویب سائٹ چینل تھری ناؤ(Channel3Now) کو دی جا رہی ہے
چند دن پہلےبی بی سی کی انویسٹی گیٹیو رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چینل تھری ناؤ کمرشل چینل ہےاور جرائم کی خبریں اکٹھی کرکے سوشل میڈیا سے پیسے لیتا ہے۔
ویب سائٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکا، برطانیہ، پاکستان اور بھارت میں 30 سے زیادہ لوگ اِس ویب سائٹ پر کام کرتے ہیں، فیک نیوز کی ذمہ دار برطانیہ کی ٹیم ہے۔
اس جھوٹی خبر میں یہ کہا گیا تھا کہ برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں 3 بچیوں کو قتل کرنے والا شخص ایک مسلمان تارک وطن ہے جبکہ اصل میں اس واقعے کے 17 سالہ ملزم کا تعلق روانڈا سے تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اِس جعلی خبر کی بنا پر برطانیہ میں مسلمانوں اور تارکین وطن کے خلاف سفید فام انتہا پسندوں نے حملے شروع کر دیے تھے۔
Pingback: اسرائیل کو جلد مزید ہتھیار دیں گے