news
انسانی سمگلنگ کیس میں صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد
جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ نے انسانی اسمگلنگ اور دستاویزات میں جعلسازی کے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد کردی، عدالت نے گزشتہ روز صارم برنی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یہ دوسرا موقع ہے جب برنی کی درخواست ضمانت مسترد کی گئی ہے اور وہ اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
یہ پیشرفت صارم برنی کے خلاف بچوں کی اسمگلنگ کے الزامات کے درمیان سامنے آئی ہے، جسے 6 جون کو کراچی ایئرپورٹ سے امریکی قونصلیٹ کی درخواست پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پہلی ایف آئی آر میں، تحقیقاتی ایجنسی نے انسانی حقوق کے کارکن کے خلاف ایک نوزائیدہ بچے – جس کی شناخت حیا کے نام سے ہوئی ہے – کو امریکہ میں ‘اسمگلنگ’ کرنے کا مقدمہ درج کیا۔ حیا، جو ایف آئی اے کے مطابق امریکہ سمگل ہونے والی آخری لڑکی تھی، مبینہ طور پر اس کے والدین سے 10 لاکھ روپے میں خریدی گئی۔
صارم برنی نے گزشتہ سال گود لینے کے بہانے 20 نوزائیدہ بچوں کو امریکہ اسمگل کیا۔ ایف آئی اے نے دعویٰ کیا کہ سمگل کیے گئے بچوں میں سے 15 لڑکیاں تھیں۔
ایف آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ مبینہ طور پر سمگل کیے گئے بچوں کا ریکارڈ پاکستانی سفارت خانے نے فراہم کیا تھا۔ ٹرسٹ کے دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے ایجنسی نے کہا کہ برنی کی اہلیہ بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل تھیں۔
ایجنسی نے مزید دعویٰ کیا کہ کئی افراد نے بچوں کی خریداری اور اسمگلنگ میں برنی کی مدد کی۔
ایف آئی اے کے مطابق حیا کے والدین انتہائی غریب ہیں، ان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔ ایجنسی نے کہا کہ برنی کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سے متعلق مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ برنی اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران امریکی حکام کی نگرانی میں تھے اور امریکی حکام نے ان سے دو بار پوچھ گچھ کی تھی۔ اپنی گرفتاری کے بعد، برنی نے بچوں کو غیر قانونی گود لینے اور اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
صارم برنی ایک کاروباری، بانی اور ایک غیر منافع بخش تنظیم ’صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ‘ کے چیئرمین ہیں۔ اپنے قیام کے بعد سے، ٹرسٹ نے بہت سے غریبوں اور متاثرین، بچوں اور خواتین کی مدد کی ہے۔