news
اداکارہ شانتی پریا نے خوبصورتی کے معیار چیلنج کرتے ہوئے بال منڈوا لیے
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شانتی پریا، جو اکشے کمار کے ساتھ ان کی پہلی فلم ’’سوگندھ‘‘ میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، نے معاشرتی خوبصورتی کے روایتی پیمانوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے بال منڈوا لیے ہیں، اور اس جراتمندانہ قدم کے ذریعے ایک اہم پیغام دیا ہے۔
شانتی پریا نے اپنی نئی شکل کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں وہ بیج رنگ کے سوٹ میں ملبوس نظر آئیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مرحوم شوہر سدھارتھ رے کا کوٹ زیب تن کیا، جو 2004 میں دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔ اس کوٹ کو پہن کر انہوں نے نہ صرف اپنی تبدیلی کا جشن منایا بلکہ اپنے شوہر کی یاد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
تصاویر کے ساتھ ایک جذباتی کیپشن میں شانتی پریا نے لکھا:
’’میں نے حال ہی میں اپنے بال منڈوائے ہیں، اور یہ تجربہ واقعی کچھ انوکھا اور آزادی بخش تھا۔ ایک عورت ہونے کے ناطے ہم اکثر خود پر بہت سی پابندیاں لگا لیتے ہیں، معاشرتی اصولوں کو اپناتے ہیں اور خود کو ایک پنجرے میں قید کرلیتے ہیں۔ لیکن آج، میں نے ان بندشوں سے خود کو آزاد کیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا:
’’میں دنیا کے بنائے ہوئے خوبصورتی کے معیار توڑنا چاہتی ہوں، اور یہ قدم میں نے بہت ہمت اور عزم کے ساتھ اٹھایا ہے۔ آج جب میں اپنے شوہر کا بلیزر پہنے بیٹھی ہوں، مجھے ان کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے، جیسے وہ اب بھی میرے آس پاس ہوں۔‘‘
شانتی پریا کے اس فیصلے پر ردعمل بھی مختلف رہا۔ کچھ افراد نے ان کی ہمت کو سراہا، تو کچھ نے تنقید کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا:
’’یہ کیا کردیا؟ لمبے بال تو جنوبی ہندوستانی خواتین کی خوبصورتی کی پہچان ہوتے ہیں۔‘‘
جس پر شانتی پریا نے دو ٹوک جواب دیا:
’’یہ مت سوچو کہ سب کو ایک ہی طریقے سے خوبصورت نظر آنا چاہیے۔‘‘
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے ذہن میں خدشات ضرور تھے کہ یہ فیصلہ ان کے کیریئر پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
’’میں نے خود سے پوچھا، کیا میں اپنے فیصلے خوف کی بنیاد پر کرنے لگی ہوں؟‘‘
لیکن بالآخر انہوں نے دل کی آواز سنی اور خود کو آزاد کرنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ شانتی پریا آخری بار تمل فلم ’’بیڈ گرل‘‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔ ان کا یہ قدم نہ صرف ان کی ذاتی آزادی کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ معاشرتی جمود کے خلاف ایک طاقتور پیغام بھی ہے۔