news

لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

Published

on

پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، راولپنڈی، جھنگ، اور ملتان میں بھی بارش ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان، سرگودھا، پتوکی، صفدر آباد، ننکانہ صاحب، اور سانگلہ ہل میں بھی ابر رحمت کی بوندیں گریں۔ ٹانک شہر میں تو موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی، جبکہ ہری پور، کرک اور ان کے مضافات میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے، اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں۔

آج صبح لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جیسے کہ کینال روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گڑھی شاھو، مغل پورہ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، سمن آباد، ماڈل ٹاؤن، اور ٹاؤن شپ۔ قصور اور اس کے گرد و نواح میں بھی بادل برسے، جس کی وجہ سے وہاں کا موسم بھی خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version