news
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاروبار فنانس اسکیم میں بہتری کی ہدایت، 34 ہزار افراد کو قرض جاری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے آسان کاروبارفنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیم کو مزید سہل بنانے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ کاروباری افراد کو ان کی ضرورت کے مطابق قرض فراہم کیے جائیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آسان کاروبارفنانس اور کاروبار کارڈ پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نئے یونٹ قائم کرنے والے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قرض حاصل کرنے والوں میں ٹرانسپورٹ، فارماسیوٹیکل، اور چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد شامل ہیں۔ کاروبارفنانس کے تحت 80 ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔
کاروبار فنانس اور کاروبار کارڈ کے ذریعے 34 ہزار کاروباری افراد کے لیے قرض جاری کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے قرض حاصل کرنے والے تمام افراد سے فیڈ بیک لینے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس کے دوران، انہوں نے قرض حاصل کرنے والوں سے اچانک کال کرکے خود بات چیت کی اور قرض حاصل کرنے کے مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیراعلیٰ نے کریانہ سٹور کے مالک عدنان علی سے بھی گفتگو کی، جس نے کاروبارفنانس کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ 55 ہزار روپے ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔