news
شیخ رشید: ابھی بولنے کا موسم نہیں، ہر طرف اندھیرا ہے، 9 مئی کیسز کی سماعت ملتوی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ابھی بولنے کا وقت نہیں آیا، لیکن جب وقت آئے گا تو ہم ضرور بات کریں گے۔ عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج وہ تیسری بار عدالت آئے ہیں، مگر ابھی تک ان کا کیس نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں کسی اور کیس کی سماعت بہت طویل ہو رہی ہے، جو ان کی سمجھ سے باہر ہے، لیکن اب عدالت میں اس کی وجہ بتانا ممکن نہیں۔ وقت آنے پر اس بارے میں بات کریں گے، مگر فی الحال بولنے کا وقت نہیں ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ملک میں ہر طرف اندھیرا چھایا ہوا ہے، دعا کریں کہ روشنی آ جائے۔ جو لوگ جیل میں ملاقات نہیں کروا سکتے، وہ مذاکرات کے نتیجے میں کیا حاصل کریں گے؟ انہوں نے بڑے لوگوں سے اپیل کی کہ غریبوں کو چھوڑ دیں، وہ دعا کریں گے، مگر حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آ رہے کیونکہ ہر طرف اندھیرا ہے اور کوئی سننے والا نہیں۔ 36 ہزار مقدمات کو 4 ماہ میں مکمل کرنا بہت مشکل ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں ہی نفرت کی علامت بن چکی ہیں، ہر کوئی ان سے نفرت کرتا ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام میں ان کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے۔ اس وقت ملکی معیشت کی صورتحال بہت خراب ہے، غریب کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔