news

پنجاب میں اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیاں جلد متوقع

Published

on

لاہور: پنجاب میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے اور ممکنہ ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر صوبے کے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت موسم گرما کی تعطیلات دیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے محکمہ اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن اور تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام کے بعد صوبے میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے جس سے طلباء و طالبات اور اساتذہ کی صحت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے محکمہ تعلیم کو مشورہ دیا ہے کہ اسکولوں کے اوقات میں رد و بدل کیا جائے اور اگر گرمی کی شدت مزید بڑھے تو فوری طور پر تعطیلات کا اعلان کیا جائے۔ مراسلے میں تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں اور کالجز میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے ہلکے کپڑے پہننے کی تلقین کی جائے۔ اسی طرح اسکولوں میں آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر عارضی پابندی لگانے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ بچوں کو براہ راست دھوپ اور گرمی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس کے علاوہ کلاس رومز میں پنکھوں، وینٹیلیشن اور کولنگ سسٹمز کو فعال رکھنے، ابتدائی طبی امداد کے کاؤنٹرز قائم کرنے اور تربیت یافتہ اسٹاف کو ڈیوٹی پر مامور کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی حکام کو تاکید کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ حالات کا بروقت جائزہ لیا جا سکے اور کوئی بھی فیصلہ فوری طور پر نافذ کیا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں چار سے سات ڈگری تک اچانک اضافہ ہو سکتا ہے جو شہریوں، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس تمام صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں جلد تعطیلات دیے جانے کے امکانات روشن ہو چکے ہیں، جس کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version