news
ٹریوس ہیڈ کا بھارتی مداحوں کے ساتھ سیلفی سے انکار، ویڈیو وائرل
آسٹریلوی اوپنر بیٹر ٹریوس ہیڈ نے بھارتی مداحوں کے ساتھ سیلفی بنانے سے انکار کر دیا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کر رہے ہیں، اور حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
اس ویڈیو میں ٹریوس ہیڈ کو ایک اسٹور میں خریداری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران، سن رائزرز حیدرآباد کے مداح ان کے ساتھ تصویریں بنوانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن وہ انکار کر دیتے ہیں۔ ویڈیو ریکارڈ کرنے والے نے کہا، “حیدرآباد کے لوگ آپ سے پیار کرتے ہیں، کم از کم آپ کو ان کا جواب دینا چاہیے،” لیکن ٹریوس ہیڈ خاموشی سے وہاں سے چلے گئے۔
اس وائرل ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے تبصرے سامنے آئے۔ کچھ نے ہیڈ کو مداحوں کو نظر انداز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بہت سے لوگوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنی پرائیویسی کا حق حاصل ہے۔ ایک صارف نے لکھا، “سن رائزرز حیدرآباد کے شائقین ٹریوس ہیڈ کو ہراساں کر رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔ ان کے خیال میں ہر غیر ملکی کھلاڑی کو ڈیوڈ وارنر جیسا ہونا چاہیے، جو ہمیشہ بھارت کی چاپلوسی کرتا ہے۔” ایک اور صارف نے کہا، بھارتی دوسرے لوگوں کی پرائیویسی کا احترام نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ ویرات کوہلی بھارت چھوڑ رہے ہیں۔