film
اکشے کمار فلم ’کیسری 2‘ میں کتھاکلی ڈانس کے روپ میں نظر آئیں گے
بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اپنی نئی فلم میں ’’کتھاکلی‘‘ ڈانس کے ذریعے اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے والے ہیں۔
اکشے کمار نے اپنی فلم ’کیسری 2‘ کے لیے کتھاکلی کے رقاص کا شاندار انداز اپنایا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’یہ صرف ایک کاسٹیوم نہیں، بلکہ یہ ایک علامت ہے، روایت کی، مزاحمت کی، سچائی کی اور میرے ملک کی۔‘‘
اس فلم میں اکشے کمار وکیل اور سیاستدان سی شنکرن نائر کا کردار نبھا رہے ہیں، جو جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے بعد انصاف کی تلاش میں برطانوی سلطنت کے خلاف قانونی جنگ لڑتے ہیں۔ کتھاکلی آرٹ میں سبز چہرہ (پچا) عظیم شخصیات، فلسفیوں اور بادشاہوں کی علامت مانا جاتا ہے۔
3 اپریل کو ریلیز ہونے والے فلم کے ٹریلر میں ہندوستان کی تاریخ کی ایک اہم قانونی لڑائی کو پیش کیا گیا ہے۔ فلم کے مطابق، ’’18 اپریل کو ہم آپ کے سامنے وہ عدالتی مقدمہ لے کر آ رہے ہیں جو کسی نصابی کتاب میں نہیں پڑھایا گیا۔‘‘
یہ تصویر دیکھ کر مداح اکشے کمار کے اس نئے اور منفرد انداز پر دیوانہ ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ ’کیسری 2‘ سنیما گھروں میں 18 اپریل کو ریلیز ہوگی۔