news
وزیراعلیٰ مریم نواز کا صوبے بھر میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کا اعلان
پنجاب میں 13 نئے سہولت بازاروں کی منظوری، سولر انرجی پر منتقلی کے لیے 69 کروڑ کے فنڈز مختص
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی ریلیف کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 13 نئے سہولت بازاروں کے قیام کی منظوری دے دی ہے، اور ان کی جلد تکمیل کی ہدایت کی ہے۔ ان منصوبوں کو اگست تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سہولت بازاروں کے لیے زمین مختص کریں اور مکمل منصوبہ پیش کریں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق نو شہر ورکاں، بورے والا، کبیر والا، سانگلہ اور جلال پور میں نئے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے، جبکہ بہاولپور، اٹک اور مری میں اضافی سہولت بازاروں کے قیام کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے ان بازاروں کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 69 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سولر انرجی کی طرف منتقلی سے بجلی کے اخراجات میں 70 فیصد تک کمی آئے گی، جس کا براہ راست فائدہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں ملے گا۔
اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے جہلم، مظفرگڑھ اور نارووال میں سہولت بازاروں کے قیام میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، اور رحیم یار خان، بہاولنگر، اٹک اور مری میں زمین کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔