news
شاہ محمود قریشی کو 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں تین ضمانتیں منظور
ملتان کی عدالت نے 9 مئی کے جلاﺅ گھیراﺅ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی تین ضمانتوں کی درخواستیں منظور کر لیں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائرہ نورین نے تھانہ کینٹ میں درج مقدمات کی سماعت کی، جہاں شاہ محمود قریشی کو جیل سے واٹس ایپ ویڈیو کال کے ذریعے پیش کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کی طرف سے ایڈووکیٹ ضمیر حسین سنڈھل نے عدالت میں اپنے دلائل پیش کیے۔ عدالت نے تینوں مقدمات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ کینٹ میں جلاو گھیراو کے تین مختلف مقدمات درج ہیں، جن میں شہریوں کو مشتعل کرنے اور حملوں کی ترغیب دینے کے الزامات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ ریس کورس، راحت بیکری اور عسکری ٹاور کے جلاو گھیراو کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنماوں شاہ محمود قریشی، سینیٹر اعجاز چوہدری، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید پر فرد جرم عائد کی تھی۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا، اور عدالت نے مقدمات کے گواہوں کو 17 مارچ کو گواہی کے لیے طلب کر لیا تھا۔