news
حماد اظہر نے پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا
پاکستان تحریک انصاف کے صدر پی ٹی آئی پنجاب، حماد اظہر نے اعظم سواتی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد پارٹی کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں پی ٹی آئی میں ایک کارکن کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے۔ حماد اظہر نے بتایا کہ وہ پہلے بھی دو بار استعفیٰ دے چکے ہیں، لیکن ان کے استعفے کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
اب وہ تیسری اور آخری بار عہدہ چھوڑ رہے ہیں، اور یہ استعفیٰ واپس نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ وہ کسی بھی پارٹی عہدے کے خواہاں نہیں ہیں، لیکن اپنے قائد کے لیے ایک کارکن کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔
اپنے بیان میں، حماد اظہر نے استعفیٰ دینے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران انہیں بتایا تھا کہ عالیہ حمزہ کو کام کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اعظم سواتی نے اس معاملے میں بانی پی ٹی آئی کے سامنے میرا نام لیا، یہ کہتے ہوئے کہ میری وجہ سے عالیہ حمزہ کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ جب بانی پی ٹی آئی نے اعظم سواتی سے پوچھا کہ کون رکاوٹ ڈال رہا ہے، تو انہوں نے میرا نام لیا۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ جب میں نے عالیہ حمزہ سے اس بارے میں بات کی تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی کسی رکاوٹ کا ذکر نہیں کیا۔ جب میں نے پوچھا کہ کیا آپ کو میری طرف سے کبھی کوئی رکاوٹ ملی، تو انہوں نے حیرت کا اظہار کیا۔