news
پی ایس ایل 10: پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا نمائشی میچ منسوخی کے خطرے میں
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے آغاز سے پہلے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والا نمائشی میچ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، یہ میچ 8 اپریل کو خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ممکن نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ٹیم نے پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا معائنہ کیا اور وہاں کی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے نمائشی میچ کی میزبانی کے لیے نامناسب قرار دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچ اور آؤٹ فیلڈ کی حالت ٹھیک نہیں ہے، اور ڈریسنگ رومز میں بنیادی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اسی طرح، میڈیا باکس اور کمنٹری کے لیے بھی مناسب سہولیات موجود نہیں ہیں۔
دوسری جانب، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے میچز پشاور میں کرانے کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے رابطہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے شروع ہوگا، جس میں افتتاحی میچ میں چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔