news
علی امین گنڈاپور: خیبرپختونخواہ میں آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے
علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں کسی بھی آپریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ ان کے خیال میں آپریشن کا نتیجہ نقصان ہی ہوگا، فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا، کیونکہ صرف قرارداد پاس کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے سماء نیوز کے پروگرام میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں اہم باتیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تو جاری ہیں، لیکن ہمیں افغانستان کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہے۔ اسٹیبلشمنٹ بھی افغانستان میں جرگہ بھیجنے کے حوالے سے تیار ہے۔ عوام کا اعتماد غلط پالیسیوں کی وجہ سے متاثر ہوا ہے، اور اب ہمیں نظر ثانی کرنی ہوگی۔ جب تک بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، سیاسی استحکام ممکن نہیں۔ آگے بڑھنے کے لیے بانی کو رہا کرنا ضروری ہے۔
کل کی میٹنگ میں سیاسی معاملات اور بانی کے بارے میں بات نہیں ہوئی۔ میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہا ہوں اور انہیں بتایا ہے کہ میرا ضمیر کہتا ہے کہ میں ان کی رہائی کے لیے جو کچھ بھی کر سکتا ہوں، کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل کے اعلامیہ میں دہشتگرد تنظیموں کے ڈیجیٹل نیٹ ورکس کا ذکر ہوا، لیکن ہمارے سیاسی ڈیجیٹل نیٹ ورکس کا کوئی ذکر نہیں تھا۔