news
مادھوری ڈکشٹ کی بہنیں فلمی دنیا سے دور کیوں؟

بالی ووڈ کی مشہور اور باصلاحیت اداکارہ مادھوری ڈکشٹ ان چند اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی خوبصورتی، شاندار اداکاری، اور رقص کی مہارت سے کروڑوں دلوں کو جیت لیا۔
90 کی دہائی میں مادھوری کا جادو ایسا تھا کہ ہر فلم ساز انہیں اپنی فلم میں شامل کرنے کا خواہاں تھا۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ مادھوری کی دو بہنیں، روپہ ڈکشٹ اور بھارتی ڈکشٹ بھی کتھک رقص میں ماہر ہیں؟ اس کے باوجود، انہوں نے فلمی دنیا میں قدم نہیں رکھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مادھوری کی بڑی بہن روپہ ڈکشٹ نے فلمی دنیا کے بجائے ٹیکنالوجی کے میدان میں قدم رکھا اور وہ ایک کامیاب سافٹ ویئر آرکیٹیکٹ بن گئیں۔ دوسری طرف، بھارتی ڈکشٹ کمپیوٹر انجینئر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ دونوں بہنیں اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں خاصی کامیاب ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، مادھوری کے والد چاہتے تھے کہ وہ اداکاری کے بجائے میڈیکل کے شعبے میں جائیں اور ڈاکٹر بنیں۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کی بیٹی تعلیم پر توجہ دے اور ایک مستحکم زندگی گزارے۔ لیکن قسمت نے کچھ اور ہی سوچ رکھا تھا۔ مادھوری کو بچپن سے ہی رقص کا بے حد شوق تھا، خاص طور پر کتھک رقص میں ان کی مہارت بے مثال تھی۔ ان کی والدہ نے ہمیشہ ان کے اس شوق کی حمایت کی، اور یوں مادھوری کا سفر فلم انڈسٹری کی طرف شروع ہوا۔