news
جعفر ایکسپریس آپریشن: 33 دہشت گرد ہلاک، وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ مکمل ہوا اور اس میں کسی بڑے نقصان سے بچا گیا۔ شہباز شریف نے واضح کیا کہ نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا اسلام اور ملک سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیراعظم نے جعفر ایکسپریس آپریشن کی کامیابی پر پاک فوج اور دیگر فورسز کی تعریف کی۔ انہوں نے اس موقع پر فورسز کے جوانوں اور ٹرین کے مسافروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن بغیر کسی بڑے نقصان کے مکمل ہوا، جس میں بہادر جوانوں اور افسروں نے شجاعت اور دلیری کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوج کے سپہ سالار کی متحرک قیادت کی بدولت یہ آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ اس دوران 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، اور انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔
گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس حملے کے بعد یرغمال بنائے گئے مسافروں کو بازیاب کروایا ۔