news
گوگل کی لوکیشن ہسٹری میں اہم تبدیلی: 2025 تک کلاؤڈ سرورز سے ڈیٹا حذف ہوگا

گوگل نے 2023 کے آخر میں یہ اعلان کیا تھا کہ میپس کی لوکیشن ہسٹری کو کلاؤڈ سرورز سے صارفین کے فونز میں منتقل کیا جائے گا، اور اب اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ 18 مئی 2025 تک تمام صارفین کا ٹائم لائن ڈیٹا کلاؤڈ سرورز سے مکمل طور پر حذف کر دیا جائے گا، اور اس کے ساتھ ہی فونز میں محفوظ تین ماہ سے زیادہ پرانا ڈیٹا بھی خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گا۔
گوگل کے مطابق، صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لوکیشن ہسٹری اب کلاؤڈ کے بجائے صرف صارف کے ذاتی فون تک محدود ہوگی۔
اس تبدیلی کے بعد، ٹائم لائن ڈیٹا دیگر ڈیوائسز پر منتقل یا ویب ورژن کے ذریعے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
تاہم، صارفین کے پاس اپنا ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے بیک اپ تیار کرنے یا ڈیوائس ٹرانسفر سسٹم استعمال کرنے کا آپشن موجود ہوگا۔
کمپنی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اپنا پرانا ٹائم لائن ڈیٹا بچانا چاہتے ہیں تو انہیں 18 مئی سے قبل نئی سیٹنگز کا انتخاب کرنا ہوگا اور تین ماہ سے زیادہ پرانے ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کر کے محفوظ کرنا پڑے گا، بصورت دیگر یہ ڈیٹا ہمیشہ کے لیے حذف ہو جائے گا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صارفین کے ڈیٹا پر ان کے کنٹرول کو بڑھانے اور پرائیویسی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔