news
آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد پاکستان میں بجلی سستی ہونے کا امکان
آئی ایم ایف نے حکومت کے بجلی نرخوں میں کمی کے منصوبے کو منظور کر لیا ہے۔ پاکستانی حکام نے عالمی مالیاتی ادارے کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر قائل کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی نرخوں میں 1 سے 2 روپے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔ نیپرا اور وزارت توانائی کو نرخوں میں کمی کا اختیار مل گیا ہے۔ پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو بجلی کا ریٹ 2 روپے فی یونٹ کم کرنے پر راضی کیا ہے، جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کو ڈیڑھ سے 2 روپے تک سستا کرنے پر آئی ایم ایف کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے بجلی نرخوں میں کمی پر گرین سگنل دیتے ہوئے نیپرا اور وزارت توانائی کو مشاورت کے ساتھ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے۔
نیپرا اور وزارت توانائی کے حکام نے اپریل یا مئی سے بنیادی نرخوں میں زیادہ سے زیادہ 2 روپے فی یونٹ کمی کرنے کی تجویز آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کی ہے۔ ایک ارب ڈالر سے زائد کی دوسری قسط کے حصول کے لیے حکومت اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات کا اہم مرحلہ جاری ہے۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد اپریل سے ہونے کا امکان ہے، تاہم ٹیرف کم کرنے سے پہلے تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا نیا جامع منصوبہ آئی ایم ایف کو پیش کیا جائے گا۔