news
پاکستان کی آئی ایم ایف کو پی آئی اے اور دیگر ادارے فروخت کرنے کی یقین دہانی
پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو قرض کے حصول کے لیے پی آئی اے اور دیگر سرکاری اداروں کی فروخت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نجکاری کمیشن نے آئی ایم ایف کو بتایا ہے کہ پی آئی اے کو جولائی تک بیچنے کا ارادہ ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق، حکومت نے آئی ایم ایف کو یہ بھی آگاہ کیا ہے کہ فیصل آباد، اسلام آباد اور گوجرانوالہ کی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں دسمبر تک فروخت کرنے کی خواہاں ہے۔
پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ عملی طور پر تعطل کا شکار نجکاری پروگرام کے تحت 5 سے 7 ادارے جلد فروخت کرنے کی کوشش کریں گے، جن میں پی آئی اے، 3 مالیاتی ادارے اور 3 پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں شامل ہیں۔ حکومت نومبر تک زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی فروخت کے لیے پرامید ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حکومت زرعی ترقیاتی بینک کی فروخت کے لیے مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کر رہی ہے اور اسے امید ہے کہ بینک نومبر تک فروخت ہو جائے گا۔ حکام نے کہا ہے کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی فروخت کی یقین دہانی بھی کی گئی ہے، حالانکہ پچھلی کئی مہلتیں ختم ہو چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یو اے ای فرسٹ ویمن بینک مکمل کمرشل بینک کی حیثیت سے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور مئی تک معاہدہ ہونے کی توقع ہے، لیکن یو اے ای اسے کھلی بولی کے بجائے حکومتوں کے درمیان معاہدے کے تحت خریدنا چاہتا ہے۔