news
اسٹیٹ بینک کا شرح سود 12 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان
کراچی:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت شرح سود 12 فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج ہوا جس میں آئندہ ڈیڑھ ماہ کے لیے پالیسی ریٹ کا تعین کیا گیا اور یہ طے پایا کہ شرح سود 12 فیصد پر برقرار رہے گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے فروری میں مہنگائی توقع سے کم رہی، لیکن مہنگائی اب بھی بلند سطح پر موجود ہے۔ معاشی سرگرمیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں، اور یہ رجحان تازہ ترین معاشی اعداد و شمار، صارفین اور کاروباری اعتماد کے سروے سے ظاہر ہوتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی بیان میں کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے ساختی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے، جس کے بعد بتدریج اضافہ ہوگا۔ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح پانچ سے سات فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح 2.5 سے 3.5 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی برقرار ہے، اور آگے چل کر معاشی سرگرمیوں کی رفتار مزید بڑھے گی۔