news
تحریک انصاف پشاور کی اپنی حکومت پر تنقید، احتجاج اور مزاحمت کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور نے خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کی کارکردگی کو ناقص اور مایوس کن قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصہ، احتجاج اور بھرپور مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں پشاور کے منتخب ارکان پارلیمنٹ، سینئر رہنماؤں، کارکنوں، پارٹی ونگز اور تنظیمی ارکان پر مشتمل ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے انعقاد سے پہلے تمام مقامی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شرکت کا بندوبست کیا گیا ہے۔ تاہم، اجلاس میں سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان، سابق ایم این اے ساجد نواز، پارٹی ذمہ داران اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ خاتون رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، لیکن بیشتر منتخب ارکان غائب رہے۔ کانفرنس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ ہے اور صوبے میں مسلسل تیسری بار بھاری مینڈیٹ کے ساتھ تحریک انصاف کی حکومت ہے، لیکن پارٹی اراکین اور عوامی رائے صوبائی حکومت کے بارے میں اچھی نہیں ہے کیونکہ پشاور شدید مسائل کا شکار ہے۔ کانفرنس کا مقصد تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کرنا ہے۔