news
غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف 31 مارچ کے بعد سخت کارروائی کا فیصلہ
غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں سمیت غیرملکیوں کے خلاف 31 مارچ کے بعد سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کے لیے پاکستان چھوڑنے کی آخری تاریخ 31 مارچ ہے، اور وطن واپسی کی اس ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ مقررہ تاریخ کے بعد مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ فیصلہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کی براہ راست شمولیت کے بعد کیا گیا ہے۔
غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو پاکستان چھوڑنے کی آخری تاریخ دے دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ 2025ء تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومت یکم اپریل سے ان غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملک بدری کا عمل شروع کرے گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا پروگرام یکم نومبر 2023ء سے نافذ العمل ہے۔ قومی قیادت نے اب افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو بھی وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تمام غیر قانونی غیر ملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو دوبارہ یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ 31 مارچ 2025ء سے پہلے رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں۔