news
وزیراعظم شہباز شریف نے سول سرونٹ پروموشن رولز میں ترمیم کر دی
وزیراعظم شہباز شریف نے سول سرونٹ پروموشن رولز میں تبدیلی کی ہے، جس کے تحت سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نیا ایس آر او جاری کیا ہے۔ پاکستان کے گزٹ میں رولز کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی شائع کر دیا گیا ہے۔ نئے ایس آر او کے مطابق، گریڈ 22 میں پروموشن کے لیے کسی افسر کا کیس صرف دو بار زیر غور آ سکتا ہے۔ اگر دو بار کیس زیر غور آنے کے باوجود پروموشن نہیں ملی تو وہ دوبارہ زیر غور نہیں آئے گا۔ کسی بھی سروس گروپ کا افسر اس صورت میں اپنے پچھلے گریڈ میں ہی ریٹائر تصور کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق، ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ میں دو بار مسترد ہونے والا افسر گریڈ 22 میں ترقی کے لیے نااہل ہوگا۔ وفاقی حکومت کا یہ اقدام ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کے حالیہ فیصلوں پر لاگو ہوگا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی کابینہ نے سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ نے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔ اس ترمیم کے تحت سرکاری افسران کو اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ملکی اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کرنے ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں قانون ساز کمیٹی کے تمام فیصلوں کی منظوری دی گئی، جس میں سول سروسز قانون میں مجوزہ قانون سازی بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن بھی مکمل ہونے کے قریب ہے۔