news
پی ٹی آئی کی مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کی کوشش، اپوزیشن اتحاد کی پیشکش
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر نے تصدیق کی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بارے میں ہماری پارٹی کو کچھ تحفظات ہیں، جنہیں ہم دور کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تک دونوں جماعتوں کا مؤقف پہنچائیں گے اور چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد میں شامل ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں جنید اکبر نے کہا کہ ہم امریکہ سے کوئی خاص امید نہیں رکھ رہے تھے، ہمیں بائیڈن انتظامیہ کے کردار پر تحفظات تھے اور ہم مزاحمت کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، لیکن ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ ورنہ ہم تو سیاسی لوگ ہیں جو سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، لیکن جب ہمیں سیاسی سرگرمی کرنے کی اجازت ہی نہیں دی جائے گی تو پھر ہم سے کیا توقع رکھی جائے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن الائنس میں شامل تمام پارٹیاں ایک پیج پر آ رہی ہیں۔ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، اور عدالتیں فیصلے میرٹ پر کریں گی تاکہ ملک میں خوشحالی آئے، خاص طور پر اس وقت جب اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔