news
وزیراعظم شہباز شریف کا نوجوانوں کے لیے ہنر اور تربیتی پروگرامز کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں میں درکار ہنر اور تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت قومی یوتھ روزگار پلان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کے لیے مقامی صنعتوں کے ساتھ مسلسل رابطے رکھنے اور افرادی قوت کے بین الاقوامی اداروں کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ماہانہ جائزہ اجلاس کی خود صدارت کرنے کا فیصلہ بھی کیا اور مقامی صنعتوں میں درکار ہنر کے حوالے سے ایک جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی ہدایت دی۔
بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اس منصوبے کی نگرانی خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے انہیں بااختیار اور با روزگار بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ افرادی قوت کی برآمد کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو آئندہ 4 برس میں مختلف اداروں کے ذریعے تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا، جس کے تحت 24 لاکھ افراد کو سالانہ تربیت دی جائے گی۔