news
بنوں میں دہشت گرد حملہ ناکام، 16 حملہ آور ہلاک، 5 فوجی شہید
بنوں کے علاقے کینٹ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے 16 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس شدید جھڑپ کے دوران 5 جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، گزشتہ روز خوارج نے بنوں کنٹونمنٹ پر حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائی نے ناکام بنا دیا۔
4 مارچ 2025 کو بنوں چھاونی پر خوارج عناصر نے ایک بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی۔ حملہ آوروں نے چھاونی کی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، لیکن پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی مستعد اور دلیرانہ کارروائی نے ان کے ناپاک عزائم کو فوری طور پر ناکام بنا دیا۔ مایوس ہو کر حملہ آوروں نے دو بارودی گاڑیاں چھاونی کی دیوار سے ٹکرا دیں۔
پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو نشانہ بنایا اور 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس شدید جھڑپ میں 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ خودکش دھماکوں کی وجہ سے حفاظتی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا، جس سے ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ خوارج کے حملے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے۔