news
بنوں کینٹ حملہ: 6 دہشتگرد ہلاک، 12 شہری شہید
سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر حملہ کرنے والے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ خارجیوں کے حملے میں 12 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں، جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے مسجد کو نقصان پہنچا اور ایک گھر کی چھت بھی گر گئی۔ اس حملے میں 12 شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے، جن میں سے 3 شہری مسجد میں شہید ہوئے جبکہ باقی شہریوں کی شہادت بازار میں عمارت کے منہدم ہونے سے ہوئی۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ خارجیوں نے بنوں بازار میں رش کے وقت بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں، اس دوران بارود سے بھری ایک گاڑی سے بازار کے قریب حملہ کیا گیا، جس کی وجہ سے معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے اور قریبی مسجد بھی متاثر ہوئی۔ تاہم فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ فتنہ الخوارج کے باقی ماندہ خارجیوں کا افغانستان سے فون پر رابطہ ہے اور آخری خارجی کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ فتنہ الخوارج کے خارجیوں کا ماہ رمضان میں معصوم شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔