news
مری اور گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بند، شدید برفباری کے باعث سفری پابندیاں
مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے، شدید برفباری کے باعث مری ٹول پلازہ کو سیاحوں کے داخلے کے لیے بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلسل اور شدید برفباری کی وجہ سے ملکہ کوہسار مری میں موسم کی صورتحال بگڑ گئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مری میں سیاحوں کے مزید داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مری ایکسپریس وے پر مری میں داخلے کے لیے قائم ٹول پلازہ سے سیاحوں کا داخلہ روک دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز بھی ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ روز کی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مال روڈ، کشمیر پوائنٹ، کلڈنہ، سنی بنک، جھیکا گلی، کالی مٹی سمیت مری کے مختلف مقامات پر سوموار کو بارش اور برفباری کی وجہ سے مری کی ضلعی انتظامیہ الرٹ رہی۔
انتظامیہ کی جانب سے مختلف شاہراہوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا گیا اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں سے بروقت برف ہٹائی گئی۔
دوسری جانب گلیات میں بھی شدید برف باری کے باعث ضلعی انتظامیہ نے گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ گلیات کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تاکہ شدید برفباری کی وجہ سے مشکلات سے بچ سکیں۔ جی ڈی اے اور ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے انٹری پوائنٹس پر حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔