news
شیخ وقاص اکرم کا دعویٰ: عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں اور اس قسم کے ہتھکنڈوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایسے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں عام طور پر دہشتگردوں کو رکھا جاتا ہے۔
عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت بانی سے ملاقاتوں پر پابندی لگا کر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے۔ قانون کے مطابق عمران خان سے ملاقات کی اجازت ہونی چاہیے، جبکہ انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے گزشتہ 6 ماہ میں صرف ایک بار سیاسی ملاقات کی گئی ہے۔ قانون قیدی کو اپنے وکلا، رفقا اور خاندان کے افراد سے ملنے کا حق دیتا ہے۔
عدالتی احکامات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور ہماری دیگر قیادت کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ ملاقاتیں ہمیشہ عدالتی حکم کے مطابق رکھی جاتی تھیں۔ یہ طے پایا تھا کہ 6 لوگ بانی کو باقاعدہ ملیں گے، لیکن عدالتی آرڈرز کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ہم کئی بار عدالت بھی جا چکے ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جانے والے سیاسی رفقا کو روکا جاتا ہے۔ ان کی فیملی کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔