news
وزیراعظم شہباز شریف کی چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے سخت احکامات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران چینی اور دیگر اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں کی فراہمی کے لیے حکمت عملی تیار کرنے، چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں کیں، جس سے سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی، اور رمضان المبارک میں چینی اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں چینی کی پیداوار کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جہاں متعلقہ حکام نے بتایا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ صوبائی سطح پر چینی کی سستی قیمتوں پر فروخت کے لیے فئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں، اور چینی کی سمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔