news
گورنر پنجاب: پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیار
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل تیاری کرے گی اور اچھے نتائج حاصل کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے سخت ہدایات دی ہیں کہ پوری پارٹی بلدیاتی انتخابات کی تیاری میں مصروف رہے۔ ہمیں پنجاب پر توجہ مرکوز کرنی ہے اور پیپلز پارٹی کو دوبارہ فعال کرنا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرنے بتایا کہ صدر مملکت لاہور آئے اور اس دوران انہوں نے پارٹی رہنماﺅں اور پارلیمانی پارٹی پنجاب کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور مختلف میٹنگز کا انعقاد کیا۔
صدر آصف زرداری نے ان ملاقاتوں میں پارٹی کی سینئر قیادت سے پنجاب میں سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کے حوالے سے مشاورت کی۔ اب صدر پاکستان اور بلاول بھٹو زرداری کا لاہور آنا جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی پارٹی کی ملاقات میں تمام ایم پی ایز نے اپنے حلقوں اور اضلاع کے مسائل صدر آصف علی زرداری کے سامنے پیش کیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بجٹ تک صبر کریں، اس دوران معاملات بہتر ہو جائیں گے، اور اگر خدانخواستہ ایسا نہ ہوا تو پھر بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔
ہمیں امید ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ساتھ معاملات بہتر ہوں گے۔ صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز، سینئر رہنماوں اور جنوبی و وسطی پنجاب کے عہدیداران نے بلدیاتی انتخابات کی تیاری میں بھرپور حصہ لیا۔