news
وزیراعظم شہباز شریف کی ازبک صدر سے اہم ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان کے صدر عزت مآب شوکت مرزیایوف سے ملاقات کے لیے کانگریس سینٹر تاشقند پہنچے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ کانگریس سینٹر تاشقند میں آمد پر وزیراعظم اور ازبک صدر کے درمیان خوشگوار گفتگو ہوئی، اور اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ ازبک صدر نے وزیراعظم کو اپنی کابینہ کے ارکان سے متعارف کروایا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔
باضابطہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کے لیے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں کانگریس سینٹر پہنچنے پر ازبکستان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر پاکستان اور ازبکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی خطاب کریں گے۔
دونوں رہنماوں کے درمیان دوطرفہ ملاقاتیں اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ وزیراعظم آج تاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پھولوں کی چادر چڑھا کر ازبکستان کی عظیم تاریخی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔