news
وفاقی وزیر خزانہ کا پی آئی اے کو نجکاری کے لیے دوبارہ لانے کا اعلان
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کو دوبارہ نجکاری کے لیے پیش کیا جائے گا، اور حکومت نجی شعبے کو کاروبار چلانے کے حوالے سے پالیسیاں فراہم کرے گی۔ پہلی پاکستان بینکنگ سمٹ 2025ء کے دوران محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ سمٹ بہت اہم ہے، ہم نے حکومت کو 30 ارب روپے جمع کر کے دیے ہیں، اور بینکنگ سیکٹر نے ٹیکس کی ادائیگی میں تیل و گیس کے شعبے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایف بی آر کا کام ٹیکس جمع کرنا ہے، جبکہ ٹیکس پالیسی بنانا وزارتِ خزانہ کی ذمہ داری ہوگی۔ تمام فنانس منسٹرز کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ہمیں جو چیزیں اپنے ہاتھ میں ہیں، ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور نجکاری کے عمل اور مالیاتی انتظام کی بہتری ضروری ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ وہ اور گورنر اسٹیٹ بینک سعودی عرب میں ایک عالمی کانفرنس میں شریک تھے، جہاں انہوں نے سیکھا کہ ابھرتی ہوئی منڈیاں 2025ء میں بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے وزرائے خزانہ نے ڈی ریگولیشن کے فروغ اور سرخ فیتے کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت کے مقابلے میں خطے کی تجارت پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور پی آئی اے کو دوبارہ نجکاری کے لیے مارکیٹ میں لایا جائے گا۔ محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا چیلنج انفرادی نوعیت کا نہیں ہے بلکہ یہ ایک مشترکہ مسئلہ ہے۔