news
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان میں اہم معاہدے
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان کے دوران مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے، جہاں حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیرخارجہ یالچین رفائیف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سینئر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد، وزیراعظم شہباز شریف کو زوولبا صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اور اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی وزیراعظم کا خوش دلی سے استقبال کیا۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر الہام علیوف کی موجودگی میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان میں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت، ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک میں ترمیمی معاہدہ، آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت، اور پی ایس او اور ایس او سی اے آر ٹریڈنگ ایس اے کے درمیان معاہدہ شامل ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر الہام علیوف نے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی۔