news
صبا آزاد کا آن لائن ٹرولنگ پر سخت جواب
بھارتی اداکارہ صبا آزاد اور ہریتک روشن کو بی ٹاؤن کے سب سے خوبصورت جوڑوں میں شمار کیا جاتا ہے، لیکن صبا کو اکثر سپر اسٹار کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس بار صبا آزاد نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے اپنی خاموشی توڑی ہے۔ اداکارہ و گلوکارہ نے کہا کہ اب انہیں یہ آن لائن تبصرے پریشان نہیں کرتے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں صبا آزاد نے کہا، “جیسے جیسے لوگوں کا عدم اطمینان بڑھتا ہے، اسی طرح آن لائن اس قسم کا رویہ بھی بڑھتا ہے۔ اگر آپ خوش مزاج ہیں تو آپ جعلی اکاؤنٹس نہیں بنائیں گے اور لوگوں کو ٹرول نہیں کریں گے۔ میں کیوں کسی ایسے شخص کی پرواہ کروں جو بے نام ہے اور اپنی زندگی سے مایوس ہے؟”
صبا آزاد نے مزید بتایا کہ آن لائن ٹرولنگ انہیں پہلے پریشان کرتی تھی، لیکن اب وہ اس کا اثر خود پر نہیں ہونے دیتیں۔
اداکارہ نے کہا، “شروع میں ایسا تھا کہ ان باتوں کا مجھ پر اثر ہورہا تھا اور میں پریشان رہنے لگی تھی، مگر اب مجھے لگتا ہے کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ایسے لوگ میرے بارے میں کیا کہتے ہیں۔”
یاد رہے کہ ہریتک روشن اور صبا آزاد نے 2022 میں اپنے رشتے کو باضابطہ طور پر میڈیا میں تسلیم کیا تھا جب وہ کرن جوہر کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔