news
اپوزیشن کا حکومت مخالف اتحاد مزید وسیع کرنے کا فیصلہ
حزب اختلاف میں شامل جماعتوں نے حکومت مخالف اتحاد کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن گرینڈ الائنس کے اہم رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں، اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے سندھ کا دورہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت آج سندھ روانہ ہوگی، جہاں تین روزہ دورے کے دوران گرینڈ الائنس اتحاد کے لیے اہم ملاقاتیں شیڈول کی گئی ہیں۔ اپوزیشن الائنس جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کرے گا، اور اپوزیشن رہنما جیے سندھ کے سربراہ ایاز پلیجو سے حیدرآباد میں ملاقات کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ سندھ کے اس دورے کے دوران اپوزیشن الائنس کی بزنس کمیونٹی اور بار ایسوسی ایشن سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ وفد کی پی ٹی آئی کراچی کے عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، اور اپوزیشن رہنما صحافی برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپوزیشن الائنس کے وفد میں محمود اچکزئی، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، اخونزادہ حسین، بی این پی مینگل اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، اپوزیشن رہنماؤں کے وفد میں سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کا اتحاد بننے جا رہا ہے۔