news
خیبرپختونخواہ حکومت کا 10 لاکھ غریب خاندانوں کے لیے رمضان و عید فنڈ کا اعلان
خیبرپختونخواہ حکومت نے 10 لاکھ غریب خاندانوں کے لیے رمضان اور عید فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ رمضان پیکج کی تقسیم 15 رمضان سے پہلے کی جائے گی۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت کے پی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں دس لاکھ غریب خاندانوں کے لیے رمضان اور عید فنڈز کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے مزید کہا کہ غرباء، یتیموں اور ٹرانسجینڈرز کو شفاف طریقے سے پیکج فراہم کیا جائے۔ دہشتگردی سے متاثرہ غریب خاندانوں کو بھی اس پیکج میں شامل کیا جائے گا۔ غریبوں اور معذور افراد کا خاص خیال رکھا جائے گا، اور صوبے کے تمام ٹرانسجینڈرز کو بھی پیکج دیا جائے گا۔
پیکج کی تقسیم 15 رمضان سے پہلے کی جائے گی۔ رمضان سے قبل سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن 25 فروری کو ادا کر دی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران حکومت کا سرپلس بجٹ 169 ارب روپے ہے۔ موجودہ حکومت نے ایک سال میں اپنی آمدن میں ریکارڈ 49 فیصد اضافہ کیا ہے اور سابق دور حکومت کے بقایاجات میں 18.5 ارب روپے ادا کیے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق خیبر پختونخوا میں اس وقت ہیموفیلیا کے 850 مریض رجسٹرڈ ہیں، اور اجلاس میں ان مریضوں کے علاج کے لیے 1212.9 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ قرض اتارنے کے لیے ڈیپٹ منیجمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے۔