news
یوٹیلیٹی اسٹورز بند نہیں ہوں گے، نجکاری کے ذریعے بہتری لائی جائے گی
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے واضح کیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کو بند نہیں کیا جائے گا، بلکہ نجی شعبے کے تعاون سے ان کی بہتری کی کوشش کی جائے گی۔ حکومت نے ایوان بالا میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش کا کوئی ارادہ نہیں، بلکہ نظام کو بہتر بنا کر ان کی نجکاری کی جائے گی۔ ایوان میں یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے بتایا کہ ہم یوٹیلیٹی سٹورز کو بند نہیں کریں گے، بلکہ ان کی نجکاری کے لیے اصلاحاتی عمل جاری ہے۔
ہر سال یوٹیلیٹی سٹورز کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ پچھلے سال رمضان پیکج کے تحت ان کو 17 ارب روپے کی سبسڈی ملی تھی۔ اس سال حکومت نے رمضان پیکج کے لیے 20 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار 40 لاکھ افراد کو رمضان پیکج کے تحت نقد امداد فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صرف غیر منافع بخش سٹورز بند کیے جائیں گے۔
مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ رانا تنویر حسین نے یہ بھی کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے رمضان پیکج کے تجربات کامیاب نہیں رہے، کیونکہ غریب لوگوں کو معیاری اشیاء فراہم نہیں کی جا سکیں۔ سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹرز شہادت اعوان اور شیری رحمٰن نے سرکاری ملازمین کے دو روز سے جاری احتجاج کا معاملہ اٹھایا۔