news
چینی سائنسدانوں نے قدرتی ہیروں سے زیادہ مضبوط سپر ڈائمنڈ بنا لیا
چینی سائنس دانوں نے ایک مصنوعی ‘سپر ڈائمنڈ‘ تیار کیا ہے جو قدرتی ہیروں سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔
قدرتی ہیروں میں عموماً ایک مکعب ڈھانچہ ہوتا ہے، جبکہ شش پہلو کرسٹل کا سانچہ ایک مضبوط مواد کی تشکیل کے لیے جانا جاتا ہے۔
تاہم، محققین کا کہنا ہے کہ شش پہلو ہیرے (ہیگزاگونل ڈائمنڈ: ایچ ڈی) جنہیں لونس ڈیلیٹ بھی کہا جاتا ہے، کی ایپلیکیشن کم شفافیت اور انتہائی چھوٹے سائز کی وجہ سے ابھی تک بڑی حد تک نامعلوم رہی ہے۔
اس سے پہلے سب سے سخت ہیرے ان مقامات پر ملے تھے جہاں سیارچے یا شہابِ ثاقب گرے تھے۔
مثال کے طور پر، لونس ڈیلیٹ سب سے پہلے 1967 میں ایریزونا میں کینین ڈائبلو میٹرائیٹ میں دریافت ہوا تھا۔
حال ہی میں جرنل نیچر مٹیریلز میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انتہائی کمپریسڈ گریفائٹ کو تپا کر ‘ویل-کرسٹلائزڈ، نیئرلی پیور ایچ ڈی’ کے بننے کے عمل کی وضاحت کی گئی ہے۔
چین کی جِیلِن یونیورسٹی کے محققین، جن کی قیادت لائیو بِنگ بِنگ اور یاؤ مِنگوانگ نے کی، نے مطالعے میں بتایا کہ ایچ ڈی کو ‘پوسٹ گریفائٹ فیز’ کے ذریعے تیار کیا جا سکتا ہے۔